وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں 185 ملین آبادی کا
ذکر کیا۔ شعبہ مردم شماری کا اندازہ 183 ملین سے کچھ زیادہ ہے۔ میڈیہ اور سیاست
میں ہو کوئی "18 کروڑ عوام" کی بات کرتا ہے۔ ہماری آبادی ہے کتنی ہے؟ کسی
کو معلوم نہیں کیونکہ 15 سال سے کسی نے گنتی ہی نہیں کرائی۔
نواز شریف کو وہ پریشانی نہیں جو آصف علی زرداری
کو تھی۔ اس لیئے وہ اسی سال مردم شماری کا حکم دے سکتے ہیں۔ پچھلی دفعہ بھی انھوں
نے ہی 1998 میں کرائی تھی، گو اس میں سات سال کی تاخیر ہو گئی تھی۔ دو سال کی
تاخیر تو اب بھی ہو چکی۔
انگریزوں کے دور میں 1881 سے ہر دہائی کے پہلے سال
میں مردم شماری کرانے کا سلسلہ شروع ہوا، جیسے 1911، 1921، 1931، وغیرہ۔ آزادی کے
بعد پہلی مردم شماری 1951 میں ہوئی۔ (اس کی تیاری کے دوران لطیفہ یہ ہوا کہ عملہ
نے صحافیوں کو "ارباب نشاط" میں شامل کر دیا۔ اس پر بڑا واویلا ہوا اور
عملہ کو تصحیح کرنا پڑی۔) یہ پہلی اور آخری مردم شماری تھی، جو ایک سیاسی حکومت نے
بروقت کرائی۔ اس کے بعد سیاست کاروں نے کبھی اسے ضروری اہمیت نہ دی۔ چنانچہ فوجی
حکمران ہی بروقت مردم شماری کراتے رہے۔ (صرف 1971 کی بجائے 1972 میں ہوئی کیونکہ
مشرقی پاکستان کے حالات سازگار نہ تھے۔)
مردم شماری ہر قسم کی منصوبہ بندی کی بنیاد ہوتی
ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ کتنے لوگوں نے گائوں چھوڑ کر شہر کا رخ کیا ہے، کتنے نئے
مکانات درکار ہیں، پانی، بجلی، آب رسانی نکاسی آب، صفائی، وغیرہ کی کتنی ضرورت ہے،
کتنے سکول اور کتنے ہسپتال چاہیئیں۔ غرض، تمام ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی کے
لیئے آبادی کے تازہ ترین کوائف ضروری ہوتے ہیں۔ سماجی، معاشی اور دوسرے امور پر
تحقیق بھی اسی بنا پر ہو سکتی ہے۔
1991 میں مردم شماری ملتوی کر دی گئی اور پھر سات
سال تک ہر حکومت ملتوی کرتی گئی۔ مسئلہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ان ارکان نے
کھڑا کیا، جو دیہی علاقوں سے منتخب ہو کر آتے تھے۔ انھیں معلوم تھا کہ دیہات سے
بہت سے لوگ روزگار، تعلیم، صحت اور دوسری ضرورتوں کے لیئے شہروں کو جا رہے ہیں۔ ہر
مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندی ضروری ہوتی ہے۔ اس طرح دیہی آبادی کے نمائندوں کی
تعداد کم ہو جائے گی۔ چنانچہ ہر حکومت ان کے دبائو میں آ کر مردم شماری ملتوی کرتی
رہی۔ آخر 1998 میں حکومت نے اعلان کیا کہ نئی مردم شماری کے باوجود نئی حلقہ بندی
نہیں ہوگی۔ تب کہیں کام شروع ہونے دیا گیا۔
مردم شماری تو ہو گئی لیکن تاخیر سے نقصان یہ ہوا
کہ اس کا تقابل پچھلی دہائیوں سے ممکن نہ رہا کیوں کہ یہ 17 سال کے بعد ہو رہی
تھی، جب کہ تقابل کے لیئے میعاد ایک سی (دس سال) ہونی چاہیئے۔
اصولی طور پر اگلی مردم شماری 2001 میں ہونی
چاہیئے تھی تاکہ ہر دہائی کے پہلے سال میں کرانے کا باقاعدہ سلسلہ پھر سے شروع ہو
جائے۔ لیکن صرف تین سال بعد کرانا بھی صحیح نہ ہوتا۔ اب توقع تھی کہ اگلی مردم
شماری 2011 ہی میں ہوگی۔ بعد میں ہر دس سال بعد وقت پر ہوتی رہی تو تسلسل قائم ہو
جائے گا۔
اچانک 2008 میں مردم شماری کا اعلان ہوا۔ متعلق
ادارہ کے سربراہ نے یہ نہ دیکھا کہ صحیح وقت کیا ہے، بس یہ دیکھا کہ کئی بلین روپے
کا بجٹ ہے۔ یہ رقم بعد میں آنے والے کے لیئے چھوڑنے کی بجائے خود ہی کیوں نہ خرچ
کی جائے۔ تاہم کسی نہ کسی طرح التوا ہو گیا۔ یہاں تک کہ 2011 آ گیا۔
پروگرام کے مطابق مارچ میں خانہ شماری ہوئی۔ چھ
ماہ بعد ستمبر کے آخر میں مردم شماری ہونی تھی۔ اچانک آصف علی زرداری کا نادر شاہی
حکم آ گیا کہ مردم شماری روک دی جائے۔ اس کی بجائے ووٹر لسٹوں کی تصدیق و تصحیح کا
کام پہلے کیا جائے۔ تصدیق و تصحیح تو اس سال تک ہوتی رہی لیکن مردم شماری، جو چند
دنوں میں ہو جانی تھی، نہ ہو سکی۔
ہوا یہ کہ عین وقت پر کسی نے زرداری صاحب کے کان
میں پھونک ماری کہ مردم شماری کے نتیجہ میں کراچی، حیدراباد، میرپور جیسے شہری
علاقوں کی آبادی زیادہ نظر آئے گی۔ چنانچہ جب نئی حلقہ بندی ہوگی تو ان کی سیٹیں
قومی اور صوبائی اسمبلی میں بڑھ جائیں گی۔ اس طرح پیپلز پارٹی کو نقصان ہوگا، جسے
سندھ کے دیہی علاقوں سے زیادہ ووٹ ملتے ہیں۔
زرداری صاحب کی بلا جانے کہ مردم شماری کی کیا
اہمیت ہے۔ انھیں تو بس اپنے سیاسی نقصان کو روکنا تھا۔ اگر یہی مسئلہ تھا تو اعلان
کر دیتے کہ قانون جو چاہے کہے، نئی حلقہ بندی نہیں ہوگی۔ اس طرح مردم شماری تو
بروقت ہو جاتی۔ اب بھی قانون میں ترمیم کر دینا بہتر ہوگا کہ حلقہ بندی مرکزی
حکومت کی مرضی پر منحصر ہوا کرے گی، وہ جب چاہے کرائے۔ مرمدم شماری کا اس سے کوئی
تعلق نہ ہوگا۔ اس طرح مردم شماری بروقت ہوتی رہے گی۔
التوا کے جواز میں ووٹر لسٹوں کی تصدیق و تصحیح کے
ساتھ سیلاب زدگان کی بحالی کو بھی شامل کر لیا گیا، حالانکہ مردم شماری میں تو جو
جہاں ہو وہیں گن لیا جاتا ہے۔ دہشت گردی کا بھی ذکر کیا گیا۔ جب ایسی وجوہ الیکشن
ملتوی کرنے کا سبب نہیں بنتیں تو مردم شماری کے لیئے کیوں ان کا سہارا لیا جائے؟
یہ صحیح ہے کہ عدالت عظمی نے ووٹر لسٹیں
درست کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اس کے لیئے مارچ 2112 تک کی مہلت دی گئی تھی۔ بعد
مِں اس میں اضافہ بھی ہوتا رہا کیوں کہ الیکشن بہت دور تھے۔ مردم شماری تو چند
دنوں کا کام تھا۔ رہا امن، تو کب ایسا وقت آِیا کہ ملک بھر میں ہر طرف امن اور
سکون تھا؟
رکاوٹ تو کسی بھی قسم کی ہو سکتی ہے۔ 1998 میں
کوئٹہ میں مردم شماری کے دوران ہنگامے ہو گئے۔ پشتون کہتے تھے کہ افغان مہاجرین کو
بھی شامل کیا جائے جبکہ بلوچ اس کے خلاف تھے۔ چنانچہ کوئٹہ کی آبادی صحیح طور پر شمار
نہ کی گئی۔ کسی نے مشورہ دیا کہ کوئٹہ والوں کو مک مکا کر لینا چاہیئے تھا، جیسے
سعودی عرب کے الملک عبد العزیز نے کیا۔
امریکیوں نے 1930 کی دہائی میں سعودی عرب کا تیل
نکالنا شروع کر دیا۔ اسی دوران کسی نے سوچا کہ ملک کی آبادی معلوم کی جائے۔ مردم
شماری تو کبھی نہ ہوئی تھی اور نہ کسی نے اس کی ضرورت محسوس کی۔ ایک ماہر کو بھیجا
گیا کہ ملک بھر میں گھوم پھر کر آبادی کا تخمینہ لگائے۔ وہ کام شروع کرنے سے پہلے
بادشاہ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ بادشاہ نے اجازت بھی دی اور سار انتظام بھی کر دیا۔ ساتھ
ہی ماہر کو تاکید کی واپسی پر مل کر جائے۔
امریکی ماہر کئی ماہ بعد لوٹا۔ اس نے بتایا کہ اس
کے اندازہ کے مطابق آبادی چھ ملین ہے۔ آلملک عبد العزیز نے زور دے کر کہا،
"نہیں، نہیں، اتنی کم نہیں ہو سکتی۔ ہماری آبادی آٹھ ملین ہے۔" ماہر
رعایا میں سے تو تھا نہیں۔ ویسے بھی آداب کا زیادہ لحاظ نہ رکھتا تھا۔ وہ اپنی بات
پر اڑا رہا۔ ادھر بادشاہ کی نظر میں کم آبادی ملک کی شان کے خلاف تھی۔ تاہم جب
دیکھا کہ امریکی اپنی بات پر اڑا ہوا ہے تو کہا، "چلو، نہ تمھاری بات اور نہ میری۔
سات ملین پر سمجھوتہ کر لیتے ہیں۔"
18 جون 2013
No comments:
Post a Comment